سگ گزیدگی کے بڑھتے واقعات حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ،پاسبان
کراچی (این این آئی)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا نے شہر بھر میں سگ گزیدگی کی بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر خصوصا کراچی میں آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد اور سگ گزیدگی کے مسلسل بڑھتے واقعات عوامی صحت اور سلامتی کیلئے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔
روزانہ درجنوں شہری جن میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے ، آوارہ کتوں کے حملوں کا شکار ہو رہے ہیں جبکہ حکومتی ادارے اس سنگین مسئلے کے حل میں بری طرح ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سگ گزیدگی کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ حکومتی غفلت، ناقص منصوبہ بندی اور بلدیاتی اداروں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ متاثرہ افراد کو نہ صرف جسمانی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ ریبیز جیسی جان لیوا بیماری کا خطرہ بھی لاحق رہتا ہے ۔