لیاری ری سیٹلمنٹ پروجیکٹ میں بے ضابطگیاں،اہم پیشرفت کاامکان
کراچی(این این آئی)لیاری ایکسپریس وے ری سیٹلمنٹ منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں کے حوالے سے نیب کی جاری انکوائری میں بڑے انکشافات سامنے آئے ہیں جن میں اربوں روپے مالیت کے پلاٹوں سے متعلق سنگین بے قاعدگیوں کا ذکر کیا گیا ہے ۔
تحقیقات کے مطابق منصوبے میں مجموعی طور پر 14 ارب روپے سے زائد مالیت کے پلاٹ اسکینڈل کی نشاندہی ہوئی ہے ۔انکوائری رپورٹ میں پروجیکٹ ڈائریکٹر کی جانب سے تقریبا 9 ہزار غیر قانونی پلاٹس منسوخ کرنے کی سفارش سامنے آئی ہے ۔ ان میں 3 سے 4 ہزار کمرشل پلاٹس بھی شامل بتائے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق متعدد ہاؤسنگ اسکیموں میں منظور شدہ لے آٹ پلان کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہزاروں اضافی پلاٹس تیار کیے گئے جبکہ گرین بیلٹس، سروس روڈز اور اوپن اسپیسز پر بھی مبینہ طور پر تجاوزات کر کے پلاٹنگ کی گئی۔دستاویزات کے مطابق اس مبینہ بے ضابطگی کے باعث سرکاری خزانے کو کم از کم 14 ارب روپے کا نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ نیب حکام کے مطابق مزید اہم پیش رفت آئندہ دنوں میں سامنے آنے کا امکان ہے ۔