کارڈیولوجی فیلوشپ ڈاکٹرزکوسرٹیفکیٹس جاری کرنیکا حکم
ڈاکٹرز کو ایف سی پی ایس پارٹ ٹو کے امتحان میں شرکت کی اجازت دی جائےریکارڈ میں ظاہر نہیں ہوتا کہ درخواست گزار کی رجسٹریشن مسترد کی گئی ،عدالت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے انٹرنیشنل کارڈیولوجی فیلوشپ مکمل کرنے والے ڈاکٹروں کی درخواست منظور کرتے ہوئے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کو درخواست گزاروں کو مطلوبہ سرٹیفکیٹس جاری کرنے اور انہیں ایف سی پی ایس پارٹ ٹو کے امتحان میں شرکت کی اجازت دینے کا حکم دے دیا۔ سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار ڈاکٹروں نے جنوری 2024 میں انٹرنیشنل کارڈیولوجی فیلوشپ مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کی تھی،تربیت مکمل ہونے تک درخواست گزاروں کی رجسٹریشن مسترد کیے جانے کا کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا۔ وکیل نے استدلال کیا کہ کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان نے درخواست گزاروں کی رجسٹریشن اور متعلقہ سرٹیفکیٹس کے اجرا سے انکار کر دیاجس کے باعث درخواست گزار ایف سی پی ایس پارٹ ٹو کے امتحان میں شرکت سے محروم ہو رہے ہیں۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ قواعد کے مطابق ایک سپروائزر کو سالانہ چار ٹرینیز کی تربیت دینے کی اجازت ہوتی ہے ۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ریکارڈ میں کہیں بھی یہ ظاہر نہیں ہوتا کہ درخواست گزاروں کی رجسٹریشن مسترد کی گئی تھی۔ عدالت نے مزید قرار دیا کہ درخواست گزار مطلوبہ ٹریننگ مکمل کر چکے اور انہیں ایف سی پی ایس پارٹ ٹو کے امتحان میں شرکت کیلئے سرٹیفکیٹس درکار ہیں۔