کربلا رہتی دنیا تک آفاقی تحریک ہے ،علامہ شہنشاہ نقوی

 کربلا رہتی دنیا تک آفاقی تحریک ہے ،علامہ شہنشاہ نقوی

کربلا رہتی دنیا تک آفاقی تحریک ہے ،علامہ شہنشاہ نقویامامت اجتماعیت اور معاشرہ سازی کے اعتبار سے بھی مددگار ،مجلس عزا سے خطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر )پاک محرم ایوسی ایشن کے زیر اہتمام نشترپارک میں مرکزی عشرہ محرم الحرام کی پہلی مجلس عزا سے صدر جعفریہ الائنس و خطیب پاکستان علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ امامت عقیدہ توحید و نبوت کا تکملہ ہے اس لئے کہ ازروئے قرآن امامت اللہ کی جانب ہی سے ہے امامت انسان کی شعوری و فکری تربیت کے اہتمام کے ساتھ اجتماعیت اور معاشرہ سازی کے اعتبار سے بھی مددگار ہے اور انسانیت کے لئے مسلسل حفاظتی دائرہ ہے اور یہ امامت ہی کا وسیلہ ہے جس کے ذریعہ انسانیت اور دین کا احیاء بعد از رسالت ممکن ہوا۔انہوں نے کہا کہ جس طرح رسول اکرمؐ تمام جن و انس کے رسول ہیں اسی طرح امام علیؓ سے امام زمان عجل اللہ تعالی فرجہم الشریف تک تمام ائمہ اہلبیت تمام جن و انس کے امام ہیں جس طرح رسول اکرم کے وجود مبارک سے تمام مخلوقات فیضیاب ہوئی اسی طرح ائمہ اہلبیت کے ذریعہ تمام مخلوق خدا رہتی دنیا تک سرخروا ور سرفراز ہوتی رہے گی۔انکا مزید کہنا تھا کہ کربلا رہتی دنیا تک ایک آفاقی تحریک ہے لوگوں کو اگر جینا ہے تو ان سے جڑ جائیں جو مرے نہیں ہیں جبکہ پاکستان سمیت ساری دنیا میں کربلا والوں کی یاد میں یہ بڑے بڑے اجتماعات ان کی حیات ابدی کا منہ بولتا ثبوت ہیں لہٰذا کہنا پڑے گا کہ انسان اور معاشرے کی بقا کا سامان حسینؓ و کربلا کی عظیم تحریک سے وابستہ ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں