مرکزی لیگ کامہنگائی کیخلاف سکھر پریس کلب کے سامنے دھرنا
حکومتی پالیسیوں کیخلاف احتجاج، گیس، بجلی، پٹرول قیمتوں میں اضافہ واپسی کامطالبہمہنگائی سے عوامی مشکلات میں اضافہ، حکومت حقیقی ریلیف فراہم کرے ، فیصل ندیم
سکھر(بیورو رپورٹ)مرکزی مسلم لیگ سکھر کی جانب سے پٹرول، بجلی اور گیس کی بڑھتی قیمتوں، وفاقی بجٹ اور مہنگائی کیخلاف پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا گیا، جس میں شہر بھر سے ہزاروں افراد نے شرکت کرکے حکومتی پالیسیوں کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔دھرنے کی قیادت لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم کررہے تھے ، شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف نعرے درج تھے ۔مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مزید معاشی بوجھ ڈال دیا گیا، جس کے باعث متوسط اور غریب طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے ، رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی بلند ترین شرح نے روزمرہ اشیائے ضروریہ کو عام آدمی کی پہنچ سے دور کر دیا، جبکہ یوٹیلیٹی بلوں میں اضافے نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کرے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے ۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مہنگائی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ دھرنے کے شرکاء نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور عوامی مسائل کے حل کا مطالبہ کیا۔