پٹرولیم قیمتوں میں 200روپے کمی کی جائے ، کاشف سعید
خام تیل سستا ہو چکا،حکومت ٹیکسوں میں فوری کٹوتی کرکے عوام کو ریلیف دےچھوٹے تاجروں کیلئے فکسڈ ٹیکس نظام متعارف کرایا جائے ،امیر جماعت اسلامی سندھ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 200روپے کمی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت نے جس طرح ایران امریکہ جنگ کو جوازبناکرقیمتوں اضافہ کیا تھا اب امن معاہدہ طے پانے کے بعد اسی تیزی کے ساتھ قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلف دیا جائے ۔یہ بات انہوں نے آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد کی زیر قیادت قباءآڈیٹوریم میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کے دوران کی۔ وفد نے پیش کردہ وفاقی بجٹ میں تاجروں کے تحفظات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پرصوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ چنا ، کارسازٹرسٹ کے ڈاکٹرمجاہدالاسلام بھی ساتھ موجود تھے ۔کاشف سعید شیخ نے کہا کہ حکمرانوں کاسودی بجٹ اور سودی نظام معیشت اللہ اوراس کے رسول سے جنگ عذاب الٰہی کو دعوت دینے کے مترادف ہے ۔عالمی مارکیٹ میں اس وقت خام تیل کی قیمتیں 80ڈالر سے نیچے آچکی ہیں۔ حکومت اپنے خزانے کیلئے فی لٹر پٹرول پر 116 روپے لیوی سمیت 150 روپے ٹیکسز وصول کررہی ہے اس لیے پٹرول پر لیوی کی فوری کٹوتی کی جائے ۔مہنگائی کے خاتمے اورمعیشت کی بحالی کے لیے حکومت چھوٹے تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کیا جائے ۔ صوبائی امیرکا کہنا تھاچھوٹے تاجر ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں،وفاقی حکومت چھوٹے کاروباری طبقے کو تحفظ ،سہولت دینے اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کیلئے فکسڈ ٹیکس نظام متعارف کرائے ۔