لائنز ایریا میں 13 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد کے منصوبے کا افتتاح
مختلف قطر کی نئی سیوریج لائنوں کی تنصیب سے علاقے کے برسوں پرانے سیوریج مسائل کے حل میں مدد ملے گی،میئر
کراچی (اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع شرقی کے یو سی 09 لائنز ایریا میں سڑکوں، اندرونی گلیوں، نکاسی آب اور سیوریج نظام کی بہتری کے بڑے ترقیاتی منصوبے کا افتتاح کردیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، منتخب نمائندے اور دیگر بھی موجود تھے ، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی بلدیہ عظمیٰ کراچی کی اولین ترجیح ہے اور شہر بھر میں بلاامتیاز ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ، عوام کو ان کے گھر کی دہلیز پر معیاری شہری سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور کراچی کی تعمیر و ترقی کے سفر کو مزید تیز کیا جا رہا ہے ،انہوں نے بتایا کہ یو سی 09 لائنز ایریا میں 13 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد لاگت سے مکمل ہونے والے اس منصوبے کے تحت اندرونی سڑکوں اور گلیوں میں 2لاکھ 32 ہزار مربع فٹ سے زائد ٹف پیور بلاکس بچھائے گئے ہیں جس سے علاقے کی سڑکوں کا معیار بہتر ہوا ہے اور شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولت میسر آئے گی، انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت نکاسی آب اور سیوریج نظام کی بہتری کے لیے 12 ہزار 821 فٹ سے زائد آر سی سی سیوریج پائپ لائن بچھائی گئی ہے جبکہ مختلف قطر کی نئی سیوریج لائنوں کی تنصیب سے علاقے کے برسوں پرانے سیوریج مسائل کے حل میں مدد ملے گی،انہوں نے کہا کہ منصوبے میں 390 نئے آر سی سی مین ہولز بھی تعمیر کیے گئے ہیں جس سے سیوریج نظام مزید مؤثر اور پائیدار بنے گا۔میئر کراچی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقے میں جہاں ماضی میں حقِ حکمرانی کسی اور نے استعمال کیا تاہم اب اس علاقے کے دیرینہ مسائل پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں کے تعاون سے حل کیے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ اس علاقے کی 20 گلیوں کے مسائل کو بلدیہ عظمیٰ کراچی نے حل کیا ہے جبکہ سیوریج کے مسائل کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی بہتری کا کام بھی مکمل کیا گیا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ یہ علاقہ اندرونی گلیوں کے حوالے سے کے ایم سی کے نہیں بلکہ جناح ٹاؤن کے ماتحت ہے تاہم وہاں کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے مطابق اس علاقے کے مسائل کے حل میں کوئی خاص دلچسپی نہیں لی گئی۔انہوں نے کہا کہ کہا جاتا ہے پیپلز پارٹی نے کام نہیں کیا لیکن صرف 93دن میں عظیم پورہ فلائی اوور مکمل کیا گیا جبکہ شاہراہ بھٹو، تاج حیدر برج اور کریم آباد انڈر پاس بھی پیپلز پارٹی نے مکمل کرکے عوام کو تحفے دیئے ۔