روہڑی:نوجوان کا قاتل اسی کا دوست نکلا، اعتراف جرم
فوٹیج کی مددسے ملزم تک رسائی، ریاض نشے کی زیادتی سے ہلاک، یوسفخوف کے باعث لاش درگاہ صدرالدین شاہ بادشاہ کے قریب پھینک دی
روہڑی (نمائندہ دنیا) درگاہ حضرت صدرالدین شاہ بادشاہ کے قریب نوجوان ریاض عرف راجہ چوہان کی لاش ملنے کا معمہ پولیس نے حل کرتے ہوئے مقتول کے قریبی دوست محمد یوسف چوہان کو گرفتار کر لیا، ملزم نے دورانِ تفتیش اہم انکشافات کیے ، اس سلسلے میں ڈی ایس پی خالد میمن اور ایس ایچ او جہانگیر مہر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 14 جون 2026 کو درگاہ کے قریب نوجوان کی لاش ملی تھی جس کی شناخت ریاض عرف راجہ چوہان کے نام سے ہوئی، پولیس حکام کے مطابق تفتیشی ٹیم سی سی ٹی وی فوٹیجز،جدید ٹیکنالوجی اور خفیہ معلومات سے ملزم تک پہنچی، محمد یوسف چوہان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم محمد یوسف چوہان نے بتایا کہ وقوعہ کی رات دونوں ایک ساتھ شراب پی رہے تھے ، نشہ زیادہ ہونے کے باعث راجہ کی حالت اچانک بگڑ گئی اور وہ جانبر نہ ہو سکا۔
دوست کی موت کے بعد وہ گھبرا گیا اور خوف کے باعث لاش کو ٹھکانے لگانے کا فیصلہ کیا، لاش رکشے میں رکھ کر درگاہ کے قریب پھینک دی، جس کے بعد وہاں سے فرار ہوگیا پولیس کے مطابق درگاہ کے اطراف نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزم کی شناخت ممکن ہوئی۔ یاد رہے کہ لاش ملنے کے بعد ایک سی سی ٹی وی ویڈیو بھی منظرعام پر آئی تھی جس میں ایک شخص کو لاش گھسیٹتے ہوئے دیکھا گیا تھا، پولیس نے بتایا کہ کیس کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور پوسٹ مارٹم سمیت دیگر شواہد کی روشنی میں مزید حقائق سامنے لائے جا رہے ہیں۔