میرپور خاص:پولیس نے ایک کروڑ روپے کی منشیات ضبط کرلی

میرپور خاص:پولیس نے ایک کروڑ روپے کی منشیات ضبط کرلی

میرپورخاص(بیورورپورٹ)پولیس نے منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈوان کے دوران ایک کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی، چھ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔

پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ محلہ نیو ٹاؤن ہلال مارکیٹ میں واقع چند دکانوں پر ممنوعہ گٹکا، ماوا اور دیگر نشہ آور اشیاء فروخت کی جا رہی ہیں، جس پر چھاپہ مار کر ممنوعہ اشیا برآمد کرلی گئیں۔ پولیس کے مطابق برآمد منشیات کی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد ہے ، سامان میں غیر ملکی مختلف کمپنیوں کے متعدد مضر صحت گٹکے کے پیکٹ، تھیلے اور ڈبے شامل ہیں جنہیں قبضے میں لے کر سیل کر دیا گیا، پولیس کے مطابق تمام ملزمان جن میں زبیر ملک، ماجد ملک، حاجی راشد ملک، ستار سموں اور عبدالغفور بلوچ شامل ہیں کے خلاف ٹاؤن تھانے میں سندھ پروہیبیشن آف پریپریشن اینڈ مارکیٹنگ آف مین پوری، گٹکا و ماوا ایکٹ کی دفعات 4، 5، 6 اور 8 کے تحت مقدمہ نمبر 90/26 درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔ دوسری جانب ڈی آئی جی پی میرپورخاص رینج فیصل عبداللہ چاچڑ نے کامیاب چھاپہ مار نے پر پولیس کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ منشیات فروش عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں سندھ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور معاشرے کو منشیات جیسے ناسور سے پاک کرنے کے لیے ایسے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز آئندہ بھی پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں