حیدر آباد:ٹنڈو جام سے اغوا لڑکی 2روز بعد بازیاب

حیدر آباد:ٹنڈو جام سے اغوا لڑکی 2روز بعد بازیاب

پھاٹک کے قریب پولیس کا چھاپہ، ملزم فرار، لڑکی آج عدالت پیش کی جائیگی

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)ٹنڈو جام سے اغوا ہونے والی 17 سالہ لڑکی دو روز میں بازیاب کرلی۔ پولیس کے مطابق ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ کے احکامات پر ٹنڈو جام پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ٹنڈو جام سے اغوا ہونے والی 17 سالہ لڑکی کو دو روز کے اندر بازیاب کرلیا۔ دو روز قبل تھانہ ٹنڈو جام کے رہائشی محمود کوری نے پولیس کو اطلاع دی کہ عنایت علی سومرو نامی شخص اس کی بیٹی مسماۃ(آ) کو اغوا کرکے اپنے ہمراہ لے گیا ہے ۔ واقعے کا مقدمہ کرائم نمبر 229/2026، زیرِ دفعہ 365-B تعزیراتِ پاکستان کے تحت درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا گیا۔ ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی او ٹنڈو جام عنایت علی قریشی اور ایس ایچ او ٹنڈو جام انسپکٹر ایاز علی بگھیو کو مغوی لڑکی کی فوری بازیابی کے احکامات جاری کیے۔

ٹنڈو جام پولیس نے مغوی لڑکی کی بازیابی کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں۔ کارروائی کے دوران ٹنڈو جام پھاٹک کے مقام سے مغوی لڑکی مسماۃ(آ) کو بحفاظت بازیاب کرلیا گیا، جبکہ پولیس کو دیکھ کر ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ بازیاب ہونے والی لڑکی کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے ، جسے مزید قانونی کارروائی کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ مغوی لڑکی کی قلیل وقت میں بازیابی پر اس کے والد محمود کوری نے ایس ایس پی شاہزیب چاچڑ اور ٹنڈو جام پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...