ڈملوٹی سے یومیہ ایک کروڑ گیلن اضافی پانی کی فراہمی ، واٹر کارپوریشن اور ایف ڈبلیو او میں معاہدہ

 ڈملوٹی سے یومیہ ایک کروڑ گیلن اضافی پانی کی فراہمی ، واٹر کارپوریشن اور ایف ڈبلیو او میں معاہدہ

پائپ لائن منصوبے پر 14 ارب روپے لاگت آئے گی، تعمیراتی کام آئندہ ہفتے شروع اور 12 ماہ میں تکمیل کا ہدف مقرر،آبی قلت پر قابو پانے کی جانب اہم پیش رفت ہے ،میئرمرتضیٰ وہاب

کراچی(این این آئی) کراچی میں پانی کی فراہمی بہتر اور مستحکم بنانے کیلئے کراچی واٹر کارپوریشن اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے درمیان ڈملوٹی پائپ لائن منصوبے کی تعمیر کا معاہدہ طے پاگیا۔منصوبے کے تحت ڈملوٹی سے ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقوں کو یومیہ ایک کروڑ گیلن اضافی پانی فراہم کرنے کیلئے نئی پائپ لائن تعمیر کی جائے گی۔ منصوبے پر تقریباً 14 ارب روپے لاگت آئے گی، تعمیراتی کام آئندہ ہفتے شروع کرنے جبکہ منصوبہ 12 ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ڈملوٹی سے اضافی پانی کی فراہمی سے ڈیفنس اور کلفٹن میں پانی کی قلت کم کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ یومیہ ایک کروڑ گیلن اضافی پانی کی فراہمی شہر میں پانی کی قلت پر قابو پانے کی جانب اہم پیش رفت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈملوٹی پائپ لائن منصوبہ حکومت سندھ اور کراچی واٹر کارپوریشن کی مشترکہ کاوش ہے ، حکومت سندھ کے تعاون سے شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر اور مستحکم بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے منصوبے کیلئے حکومت سندھ کے تعاون پر اظہار تشکر بھی کیا۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد ڈیفنس اور کلفٹن کو یومیہ 10 ملین گیلن اضافی پانی ملے گا۔انہوں نے کہا کہ 14 ارب روپے کی لاگت کے حامل ڈملوٹی پائپ لائن منصوبے کی تعمیر کا آغاز آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔میئر کراچی نے کہا کہ 12 ماہ میں مکمل منصوبے سے ڈیفنس اور کلفٹن میں پانی کی قلت کم کرنے میں مدد ملے گی۔واضح رہے کہ کراچی کو یومیہ مجموعی طور پر 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ معاہدے کی تقریب میں ایف ڈبلیو او ہیڈ بریگیڈیئر عدنان اختر علی، اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر عمران اصغر، ایڈمنسٹریٹو ڈی ایچ اے بریگیڈیئر امیر نواز خان، سیکریٹری بلدیات ڈاکٹر وسیم شمشاد، رکن قومی اسمبلی مرزا اختیار بیگ، پیپلز پارٹی رہنما سید نجمی عالم، ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی، سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی، سی او او انجینئر اسداللہ خان، سیکریٹری بورڈ عبدالرقیب اور پی ڈی ڈملوٹی محمد زاہد بھی موجود تھے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...