پی ٹی آئی کارکنان پرپولیس تشدد معاملے میں اہم پیش رفت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ٹی آئی سندھ کے سینیئر نائب صدر راجہ اظہر خان اور پی ٹی آئی کارکنان پر سچل پولیس کے مبینہ تشدد کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے،
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر نے ایڈیشنل آئی جی کراچی رینج سے پولیس انکوائری کے نتائج، سفارشات پر عملدرآمد اور ملوث قرار دیے گئے اہلکاروں کے خلاف محکمانہ و قانونی کارروائی کی پیش رفت کی رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو انکوائری رپورٹ کا جائزہ لے کر مکمل رپورٹ 21 ستمبر کو عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما ایڈووکیٹ خالد محمود کی جانب سے دائر درخواست پر عدالت نے استفسار کیا کہ پولیس انکوائری میں ذمہ دار قرار دیے گئے اہلکاروں کے خلاف اب تک کیا کارروائی کی گئی ہے۔ عدالتی حکم کے مطابق آئندہ سماعت پر پولیس حکام کو انکوائری اور کارروائی کی مکمل تفصیلات پیش کرنا ہوں گی۔ راجہ اظہر خان کے مطابق وہ اور پی ٹی آئی کارکنان پرامن طریقے سے سہراب گوٹھ سے اسلام آباد جارہے تھے کہ پولیس نے دھاوا بول دیا، سہراب گوٹھ اور سچل پولیس افسران نے انہیں اور کارکنان کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ راجہ اظہر کے مطابق پولیس کے خلاف ملیر کی عدالت میں کرمنل درخواست دائر کی گئی تھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments