کاٹی میں کرائم مانیٹرنگ اینڈ ٹاسک فورس سیل کا افتتاح
صنعتی علاقوں میں امن و امان کا قیام اولین ترجیحات میں شامل ،آئی جی محفوظ ماحول کی فراہمی ہر ممکن طور پر یقینی بنائی جائے گی،جاوید عالم اوڈھو
کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں قائم ’’کرائم مانیٹرنگ اینڈ ٹاسک فورس سیل‘‘ کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر صدر کاٹی اکرم راجپوت، ڈپٹی پیٹرن ان چیف زبیر چھایا، سینئر نائب صدور زاہد حمید اور سید طلحہ علی، سابق صدور شیخ عمر ریحان، مسعود نقی، سید فرخ اظہر، جنید نقی، اہتشام الدین سمیت کاٹی کے دیگر عہدیداران موجود تھے ۔صدر کاٹی اکرم راجپوت نے آئی جی سندھ کی کاٹی آمد پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد تاجر برادری اور پولیس کے درمیان مضبوط رابطے کی عکاس ہے ۔ اس موقع پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ تاجر برادری کا تحفظ اور صنعتی علاقوں میں امن و امان کا قیام سندھ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ پولیس اور تاجر برادری کے درمیان مؤثر رابطہ جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ میں معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی ہر ممکن طور پر یقینی بنائی جائے گی، جبکہ جرائم کی نشاندہی، نگرانی اور بروقت کارروائی کے لیے جدید طریقۂ کار کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے ۔آئی جی سندھ نے کہا کہ سندھ پولیس کے افسران و جوانوں کی قربانیوں کے باعث آج شہر میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے ، اور پولیس جرائم کے خاتمے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments