سہون میں شارٹ سرکٹ سے آتشزدگی، 20دکانیں جل گئیں
چائے خانے ، موبائل فون، سبزی ودیگر دکانیں شامل، فائر بریگیڈ عملہ نہ پہنچاوزیراعلیٰ مراد شاہ کا واقعہ کا نوٹس، ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر سے رپورٹ طلب
سہون شریف (نمائندہ دنیا )سہون کے نواحی علاقے جھانگارا میں بجلی کی شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی۔ جھانگارا کے مین بازار میں آگ لگنے سے 20 دکانیں جل گئیں۔ آگ لگنے کے باعث موبائل فون شاپ، سبزی کی دکانیں، چائے خانے اور دیگر دکانیں متاثر ہوئیں۔اطلاع کے باوجود فائر بریگیڈ عملہ نہ پہنچا، مقامی افراد اپنی مدد آپ آگ بجھانے میں مصروف رہے۔ متاثرہ دکانداروں نے ضلعی انتظامیہ سے مدد کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اس سلسلے میں متاثرہ دکانداروں نے بتایا کہ آگ لگنے کی اطلاع ریسکیو1122 ٹیم کو دی، تاہم وہ بروقت نہ پہنچے جس کے باعث بڑا نقصان ہوا ہے ۔ دوسری جانب آگ لگنے کے واقعے کا وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جامشورو اور اسسٹنٹ کمشنر سہون سے رپورٹ طلب کرلی۔
جس کے بعد اسسٹنٹ کمشنر سہون بابر علی بلوچ جھانگارا پہنچے اور ریسکیو سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر بابر علی بلوچ اور مختارکار عابد علی شاہ نے متاثرہ دکانداروں سے ملاقات کی اور ہونے والے نقصان کی تفصیلات جمع کیں۔ اسسٹنٹ کمشنر سہون کی جانب سے ڈپٹی کمشنر جامشورو کو واقعے کی ابتدائی رپورٹ پیش کردی گئی، جسے ڈپٹی کمشنر جامشورو نے وزیرِ اعلیٰ سندھ کو ارسال کردیا۔ رپورٹ کے مطابق آگ لگنے کے باعث پانچ سبزی کی دکانیں، ایک مٹھائی کی دکان، چار کیبن، ایک موبائل شاپ، ایک مرغی کی دکان اور ایک گوشت کی دکان مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئیں۔ رپورٹ میں سفارش کی گئی کہ متاثریں کی مدد کی جائے ، تاکہ وہ دوبارہ اپنا کاروبار شروع کرسکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments