پنگریو:زرعی پانی کی قلت کیخلاف جھڈو روڈپر کسانوں کادھرنا
پانی نہ ملنے سے ہزاروں ایکڑ زمین متاثر، فصلوں کونقصان پہنچ رہا، فیاض شاہ ودیگر
پنگریو (نمائندہ دنیا)پانی کی مبینہ قلت کے خلاف آبپاشی سب ڈویژن خیرپور گمبوہ کی مختلف شاخوں کے آبادگاروں نے ملکانی شریف میں پنگریو جھڈوروڈ پر دھرنا دیکر سڑک بلاک کردی، جس کے باعث ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی۔ دھرنے میں سندھ آبادگار تنظیم خیرپور گمبوہ کے صدر فیاض حسین شاہ راشدی، غلام نبی ملکانی اور دیگر آبادگاروں نے شرکت کی۔آبادگاروں سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ مختلف شاخوں میں پانی کی مبینہ قلت کے باعث ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی متاثر ہو رہی ہے اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیل کے آبادگار طویل عرصے سے پانی کی قلت کا سامنا کر رہے ہیں، جس کے باعث زرعی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔
آبادگاروں نے مطالبہ کیا کہ فراؤ ریگولیٹر پر پانی کی سطح فوری طور پر 6 فٹ تک بڑھائی جائے ، ٹیل کی تمام شاخوں میں مقررہ حصے کے مطابق پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور پانی کی تقسیم میں قلت کا مستقل حل نکالا جائے ۔ انہوں نے محکمہ آبپاشی کے وزیر اور متعلقہ حکام سے مطالبات پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیل کے آبادگاروں کو ان کے حصے کا پانی فراہم کیا جائے ، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔ آبادگاروں نے اعلان کیا کہ مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں پیر کو ملکانی شریف میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments