ڈی جی ادارہ ترقیات کا پری اسٹریسڈ پائپ فیکٹری کا دورہ
دورے میں مشینری، آلات اور اسکریپ کی مکمل انوینٹری تیار کرنے کی ہدایت اثاثوں کے بہتر استعمال کے امکانات کا جائزہ لیا جائے ، زین العابدین انصاری
کراچی(این این آئی)ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی زین العابدین انصاری نے کے ڈی اے پری اسٹریسڈ پائپ فیکٹری کا دورہ کرکے فیکٹری کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران سے بریفنگ حاصل کی۔دورے کے موقع پر ڈائریکٹر لینڈ سید عاطف حسین نقوی، ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ سید زین شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی پی یو ڈی عارف رضا اور ایگزیکٹو انجینئر سوک سینٹر بلڈنگ آفتاب قائم خانی بھی موجود تھے ۔ڈی جی کے ڈی اے نے ہدایت کی کہ فیکٹری میں موجود تمام مشینری، آلات اور اسکریپ کی مکمل تفصیلات مرتب کرکے جامع انوینٹری تیار کی جائے ، جبکہ دستیاب وسائل سے متعلق تفصیلی تکنیکی رپورٹ بھی پیش کی جائے تاکہ حقائق اور اعداد و شمار کی روشنی میں فیکٹری کے مستقبل کے حوالے سے مؤثر فیصلے کیے جاسکیں۔
زین العابدین انصاری نے کہا کہ ادارے کے اثاثے قومی و عوامی وسائل ہیں، جن کی حفاظت، درست قدر و قیمت کا تعین اور بہتر استعمال انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے ۔ کے ڈی اے کی ملکیت میں موجود وسائل کو غیر فعال رکھنے کے بجائے ادارے کی کارکردگی اور عوامی سہولیات میں بہتری کے لیے بروئے کار لانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے ۔انہوں نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی کہ باہمی رابطے کے ساتھ فیکٹری کے اثاثوں اور وسائل کی مکمل دستاویز بندی یقینی بنائی جائے تاکہ آئندہ کا لائحہ عمل شفاف، مؤثر اور ادارے کے وسیع تر مفاد کے مطابق ترتیب دیا جاسکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments