پٹرول سبسڈی، ڈی سی دفاتر میں ہیلپ ڈیسک قائم

 پٹرول سبسڈی، ڈی سی دفاتر میں ہیلپ ڈیسک قائم

پٹرول پمپس پر متعلقہ معلومات پر مشتمل بینرز آویزاں کیے جائیں گےاسسٹنٹ کمشنرز کو پٹرول پمپس پر موجود رہنے کی ہدایت جاری کردی گئی

کراچی(اے پی پی)کمشنر کراچی سیدحسن نقوی نے کراچی میں پٹرول پمپس پر شہریوں کو حکومتی سبسڈی کے حصول میں سہولت فراہم کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنرز کو فوری ان کے دفتر میں ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق مختلف ڈپٹی کمشنرز نے کمشنر کراچی کو آگاہ کیا ہے کہ انہوں نے ہیلپ ڈیسک قائم کر دئیے ہیں۔ کمشنر کی ہدایت کے مطابق پٹرول پمپس پر متعلقہ معلومات پر مشتمل بینرز آویزاں کیے جائیں گے جبکہ شہریوں کو سبسڈی کے طریقہ کار سے آگاہ کیا جائے گا۔ عوام کی سہولت اور سبسڈی کے حصول میں ضروری معلومات و معاونت فراہم کرنے کے لیے تمام اسسٹنٹ کمشنر دفاتر میں بھی رہنمائی ڈیسک قائم کریں گے ۔اسسٹنٹ کمشنرز کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پٹرول پمپس پر موجود رہیں اور شہریوں کو سبسڈی حاصل کرنے میں ذاتی طور پر معاونت فراہم کریں۔

وہ ٹریفک اور عوامی رش کے انتظامات کی بھی نگرانی کریں گے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔کمشنر کراچی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ تمام انتظامات فوری طور پر مکمل کریں۔ ڈی سیز کو سہولت کاری کے اقدامات اور عوامی خدمت کی سرگرمیوں کی مناسب تشہیر کر نے کی بھی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ شہریوں کو دستیاب معاونت سے مکمل طور پر آگاہی حاصل ہونی چاہئے ۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ خود انتظامات کی نگرانی کریں تاکہ شہریوں کو پٹرول کی قیمت میں سبسڈی فراہم کر نے کی کوششیں بار آور ہوں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...