میرپورخاص:ڈویژنل کمشنر کا سول اسپتال کا اچانک دورہ
ڈائیلاسز سینٹر، گائنی ، ایمرجنسی وارڈز و دیگر کا معائنہ، مزید بہتری لانے کی ہدایت ڈائیلازر ری پروسیسنگ مشین کی فراہمی کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے ، شہمیر بھٹو
میرپورخاص (بیورورپورٹ) ڈویژنل کمشنر شہمیر بھٹو کا اولڈ سول اسپتال میرپورخاص کے ڈائیلاسز سینٹر، گائنی وارڈ ، ایمرجنسی وارڈ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز کے میل اور فیمیل ایمرجنسی وارڈز کا اچانک دورہ۔ ایڈیشنل کمشنر ٹو افشاں شیخ، ڈپٹی کمشنر نواب سمیر حسین لغاری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ندیم احمد بلوچ ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میرپورخاص ڈاکٹر سندیپ کمار ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ڈاکٹر ہیمجی چوہان، ڈاکٹر ماجد خان، ڈاکٹر غلام محمد بگھیو، اور دیگر افسران ان کے ہمراہ تھے ۔ دورے کے دوران کمشنر شہمیر بھٹو کو بتایا گیا کہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کی کوششوں سے ڈائیلاسز سینٹر میں ادویات کی فراہمی ممکن اور دیگر مسائل حل ہو رہے ہیں جس سے ڈائیلاسز سینٹر بہتری کی طرف گامزن ہے ۔ دورے دوران بتایا گیا کہ ڈائیلاسز سینٹر میں ڈائیلازر ری پروسیسنگ مشین کی ضرورت ہے ۔ جس پر کمشنر شہمیر بھٹو نے یقین دلایا کہ ڈائیلازر ری پروسیسنگ مشین کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ بعد ازاں کمشنر شہمیر بھٹو نے گائنی وارڈ اور ایمرجنسی وارڈ کا بھی دورہ کیا اور گائنی وارڈ میں بہتری لانے اور خواتین کی پیچیدہ بیماریوں کا بہتر طریقے سے علاج معالجہ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ اس طرح اولڈ سول اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں بھی ڈاکٹرز کی ڈیوٹی لگانے کے احکامات جاری کئے ۔ علاوہ ازیں شہمیر بھٹو نے ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کے میل اور فیمیل ایمرجنسی وارڈ کا بھی دورہ کیا اور صفائی ستھرائی، ادویات کی فراہمی اور بہتر طور پر علاج معالجے کی ہدایات جاری کیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments