اندرون سندھ:ٹریفک حادثات دیگر واقعات نے 3جانیں لے لیں
کشمور میں لاش ملی، روہڑی میں جاب انٹرویو دیکر پنجاب جانیوالا ٹرین میں چل بسامحراب پور کے قریب ٹرالر نے موٹر سائیکل کچل دی، خاتون موقع پرہلاک
اندرون سندھ (نمائندگان دنیا)ٹریفک حادثات اور دیگر واقعات نے 3 افراد کی جانیں لے لیں۔ کشمور کے گاؤں اللہ رکھیو کلوڑ کے رہائشی عمررسیدہ عبدالفتاح مزاری کی لاش ملی۔ پولیس نے علی داد مزاری کی رہائش گاہ سے لاش اٹھا کر سول اسپتال منتقل کی۔ ورثا کے مطابق مرحوم عبدالفتاح مزاری دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور اس سے قبل بھی انہیں ایک مرتبہ دل کی تکلیف ہوئی تھی۔ ادھر روہڑی کی نجی کمپنی میں نوکری کا انٹرویو دیکر کراچی سے لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس میں سفر کے دوران 22 سالہ نوجوان سیالکوٹ کے رہائشی محمد سلیمان ولد محمد معروف راجپوت کی اچانک طبیعت خراب ہونے پر روہڑی ریلوے اسٹیشن پہنچنے پر ریلوے پولیس نے اسے اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے نوجوان کی موت کی تصدیق کردی۔
نوجوان کے ساتھ سفر کرنے والے دوست شاہزیب کے مطابق وہ تین دوست ایک نجی کمپنی میں انٹرویو کیلئے کراچی آئے تھے اور واپسی پر ٹرین میں محمد سلیمان کی اچانک طبیعت خراب ہوگئی۔ ریلوے پولیس ڈیوٹی انچارج حلیم بلوچ کے مطابق نوجوان کے ورثاء سے رابطہ ہوچکا ہے ، قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد میت ورثاء کے حوالے کردی جائے گی۔ محراب پور کے قریب ہنگورجہ تھانے کی حدود میں قومی شاہراہ پر گاؤں کینجھر منگنیجا رابطہ سڑک (لنک روڈ) کے قریب ٹرالر کی زد میں آکر موٹر سائیکل پر سوار مسمات بختوں زوجہ ارجن مارواڑی کچل کرموقع پر ہلاک ہوگئی، حادثے میں مسمات صفوراں زوجہ آلو مارواڑی اور نوجوان زخمی ہوگیا، حادثے کا شکار افراد کا تعلق خان واہن سے ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments