نوکوٹ:سرخ مرچ کے کم نرخ سے کاشتکار طبقہ شدید پریشان
مرچ منڈی میں9ہزار روپے من دیئے جارہے ، اخراجات پورے کرنا مشکلپچھلے سال 20ہزار روپے نرخ مل رہاتھا، ربیع فصل کیلئے اخراجات نہیں، کاشتکار
نوکوٹ (نمائندہ دنیا)ملکی سطح پر سرِفہرست مرچ کی پیداوار رکھنے والی مرچ منڈی نوکوٹ میں رواں سال سرخ مرچ کے انتہائی کم نرخ نے کاشتکاروں کو شدید مالی بحران سے دوچار کردیا ہے ، سال بھر کی اہم اور منافع بخش فصل سمجھی جانے والی سرخ مرچ کے مناسب نرخ نہ ملنے کے باعث کاشتکاروں کے لیے پیداواری لاگت پوری کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے ، کاشتکاروں کے مطابق گزشتہ برسوں میں 18 سے 20 ہزار روپے فی من تک فروخت ہونے والی سرخ مرچ اس سال تقریباً 9 ہزار روپے فی من کے نرخ پر فروخت ہورہی ہے ، جو پیداواری اخراجات کے مقابلے میں انتہائی کم ہے کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ مرچ کی فصل کی تیاری میں ٹریکٹر، زمین کی تیاری، معیاری بیج، کھاد، مختلف زرعی اسپرے ، پانی اور مزدوری سمیت دیگر اخراجات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔
جبکہ مارکیٹ میں فصل کا مناسب نرخ نہ ملنے کے باعث یہ اخراجات بھی پورے نہیں ہو رہے ، انہوں نے بتایا کہ مرچ کی فصل سے حاصل ہونے والی آمدنی کم ہونے کے باعث ربیع کی فصل کے لیے درکار اخراجات کا بندوبست کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے ، جس سے کاشتکاروں کو آئندہ فصلوں کی کاشت کے حوالے سے بھی مشکلات کا سامنا ہے کاشتکاروں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سرخ مرچ کے موجودہ کم نرخ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کاشتکاروں کو مناسب اور منافع بخش قیمت کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ انہیں بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت اور مالی مشکلات سے نکالا جاسکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments