اسکولوں کے مخصوص بجٹ کی انکوائری کا نیا طریقہ وضع
شکایات ڈی جی اینٹی کرپشن کے ذریعے محکمہ اسکول ایجوکیشن کو بھجوائی جائیں گی
کراچی(این این آئی) محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ کی درخواست پر اسکولوں کے مخصوص بجٹ (ایس ایس بی) میں مبینہ خرد برد، مالی بے ضابطگیوں اور سرکاری فنڈز کے غلط استعمال سے متعلق شکایات اور انکوائریوں کے لیے نیا طریقہ کار وضع کردیا گیا ہے ۔محکمہ انکوائریز اینڈ اینٹی کرپشن سندھ نے اس حوالے سے اپنے فیلڈ دفاتر کے لیے نئی دفتری ہدایات جاری کردی ہیں، جن کے تحت ابتدائی مرحلے میں اسکول سربراہان کو براہِ راست طلب کرنے ، نوٹس جاری کرنے ، ذاتی حاضری کے لیے بلانے یا اسکولوں کا ریکارڈ طلب کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
نئی ہدایات کے مطابق اسکولوں کے مخصوص بجٹ میں مبینہ خورد برد، بے ضابطگیوں یا سرکاری فنڈز کے غلط استعمال سے متعلق شکایات ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن سندھ کے دفتر کے ذریعے محکمہ اسکول ایجوکیشن کو بھجوائی جائیں گی۔ اس معاملے میں آئندہ کارروائی ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن سندھ کی ہدایات کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔ طریقہ کار کے تحت ایس ایس بی سے متعلق شکایات میں الزامات کی تفصیل، متعلقہ اسکول کا نام، مالی سال، رقم اور دستاویزی شواہد فراہم کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments