جیکب آباد:سیپکو کیخلاف 2نومبر سے تحریک چلانے کا اعلان
بل ادائیگی کے باوجود اضافی بلوں کابوجھ ناقابل برداشت ہوگیا، ریلی بھی نکالی جائیگیبھوک ہڑتال، شٹر ڈاؤن، وفاقی وزیر کے دفتر کے سامنے دھرنا دینگے ، انجمن تاجران
جیکب آباد (نمائندہ دنیا)سیپکو کی مبینہ زیادتیوں، طویل لوڈشیڈنگ، بجلی کی غیر اعلانیہ بندش اور صارفین کو بھاری اضافی بل بھیجنے کیخلاف انجمن تاجران نے 2 نومبر سے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔ ہزاروں افراد کو سڑکوں پر لانے ، بھوک ہڑتال، شٹر بند ہڑتال اور وفاقی وزیر کے دفتر کے سامنے دھرنا دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اس حوالے سے انجمن تاجران سندھ کے نائب صدر احمد علی بروہی، ہندو پنچائت کے صدر لعل چند سیتلانی، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر دیدار لاشاری اور صرافہ یونین کے رہنما حاجی یوسف میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیپکو کی جانب سے بجلی صارفین کے ساتھ زیادتیوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے صارفین کو بھی بجلی نہیں مل رہی، دوسری جانب غیر ضروری اور مبینہ غیر قانونی اضافی بل بھیج کرعوام کومالی مشکلات سے دوچار کیا جارہا ہے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سارا دن بجلی کی عدم فراہمی، طویل لوڈشیڈنگ اور اسکے باوجود بھاری بلوں کی وصولی عوام سے سراسر ظلم ہے ۔ سیپکو کی ان زیادتیوں کیخلاف اب خاموش نہیں بیٹھیں گے بلکہ تحریک چلائی جائیگی۔ پہلے مرحلے میں 2 نومبر کو صرافہ چوک سے احتجاجی ریلی نکالی جائیگی، جس کے بعد احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے بھوک ہڑتال، شہر میں شٹر بند ہڑتال اور وفاقی وزیر کے دفتر کے سامنے دھرنا بھی دیا جائے گا۔انہوں نے سیپکو حکام سے مطالبہ کیا کہ ماضی میں کرپشن کے الزامات پر ملازمت سے برطرف سابق ایکسین شفقت لاشاری اور ایس ای ظہور نوناری کو انتظامی معاملات سے ہٹایا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments