پیپلز پارٹی نے تعلیم تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، عوامی تحریک
سندھ حکومت نئے تعلیمی ادارے قائم کرنے کے بجائے فعال اداروں کو تالے لگا رہی زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام کا عمرکوٹ کیمپس کھولا،تنخواہیں ادا کی جائیں، لال جروارودیگر
حیدر آباد (بیورو رپورٹ) عوامی تحریک کے مرکزی آرگنائزر لال جروار، مرکزی رہنما ایڈووکیٹ وسند تھری، ڈاکٹر رسول بخش خاصخیلی اور مہران درس نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سندھ حکومت نئے تعلیمی ادارے قائم کرنے کے بجائے فعال اداروں کو تالے لگا رہی ہے ، تعلیمی ایمرجنسی کے نام پر اربوں روپے کے فنڈز ہڑپ کیے جا رہے ہیں، لیکن تعلیم کی بہتری کے لیے کوئی عملی کام نہیں کیا گیا، پیپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ میں تعلیم کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام کے عمرکوٹ کیمپس کو تالے لگا کر پیپلز پارٹی نے سندھ دشمنی کا ثبوت دیا ہے ۔ گزشتہ آٹھ ماہ سے کیمپس کی بندش کے باعث 1500سے زائد طلبہ و طالبات، جن میں 400 سے زائد طالبات بھی شامل ہیں، کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کیمپس کی بندش سے نہ صرف طلبہ کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے بلکہ کیمپس کے اساتذہ اور ملازمین کی گزشتہ 17ماہ کی تنخواہیں بھی ادا نہیں کی گئیں، جس کے باعث وہ شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا سندھ میں پہلے ہی اعلیٰ تعلیمی اداروں کی کمی اور تعلیمی سہولیات کے فقدان کے باعث طلبہ کو بے شمار مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت، یونیورسٹی انتظامیہ، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)اور متعلقہ حکام سندھ زرعی کیمپس عمرکوٹ کی بندش کی وجوہات عوام کے سامنے لائیں۔ کیمپس بند کرکے طلبہ کے مستقبل سے کھیلنے والے متعلقہ افسران کو گرفتار، سزا دی جائے ،کیمپس فوری کھول کر طلبہ کی تعلیم بحال، اساتذہ و ملازمین کی تنخواہیں ادا کی جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments