جامعہ کراچی میں 5کروڑ کے انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان

جامعہ کراچی میں 5کروڑ کے انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان

3کروڑ مستحق طلبہ ، 2 کروڑ فنون و سماجی علوم میں داخلوں کے فروغ کیلئے مختص انسانی وسائل پر سرمایہ کاری، اجتماعی جدوجہد معاشرتی ترقی کی بنیاد ،وائس چانسلر

کراچی(این این آئی)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی نے طلبہ کی فلاح و بہبود، اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور تعلیمی مواقع میں وسعت کیلئے 5 کروڑ روپے مالیت کے انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے ڈائریکٹر فنانس کو اس سلسلے میں ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کردی ۔ مجوزہ فنڈ میں سے 2 کروڑ کلیہ فنون و سماجی علوم میں داخلوں کے فروغ جبکہ 3 کروڑ مستحق اور ذہین طلبہ کی مالی معاونت کیلئے مختص کیے جائینگے ۔ اس امر کا اعلان انہوں نے جامعہ کراچی کے اسٹوڈنٹس فنانشل ایڈ آفس اور یونیورسٹی آف کراچی المنائی ہیوسٹن ایسوسی ایشن،امریکہ کے اشتراک سے آڈیو ویڑول سینٹر میں منعقدہ تقریبِ تقسیمِ وظائف سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کے دوران50 مستحق اور باصلاحیت طلبہ میں21 لاکھ روپے کے وظائف تقسیم کیے گئے جبکہ کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کے اعلیٰ کارکردگی کے حامل 10 طلبہ کیلئے 13 لاکھ کے وظائف بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ڈاکٹر وسیم نے کہا کہ تعلیم کا فروغ، انسانی وسائل پر سرمایہ کاری اور اجتماعی جدوجہد معاشرتی ترقی کی بنیاد ہیں۔ محدود مالی وسائل کامیابی کی راہ میں مستقل رکاوٹ نہیں بنتے ، بشرطیکہ انسان عزم و حوصلے ، محنت اور تعلیم کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھے ۔انہوں نے کہا کہ انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا بنیادی مقصد باصلاحیت طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے مساوی مواقع فراہم کرنا اور اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ مالی مشکلات کسی مستحق اور ذہین طالب علم کی تعلیمی سرگرمیوں میں رکاوٹ نہ بنیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...