قومی قیادت افکارِ اقبال کو عملی کرداربنائے ،شاداب رضا

 قومی قیادت افکارِ اقبال کو عملی کرداربنائے ،شاداب رضا

فکرِ اقبال کو مشعلِ راہ بنا کر ہی پاکستان کو مضبوط اور خودمختار بنایا جا سکتا ہےاقبال نے امت مسلمہ کو عشقِ رسول ؐ، خودی، اتحاد اور بیداریِ ملت کا درس دیا

کراچی (این این آئی)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ شاعرِ مشرق اور مصورِ پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے افکار و نظریات آج بھی امت مسلمہ اور پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ فکرِ اقبال سے دوری قومی اور فکری کمزوریوں کی بڑی وجہ ہے ۔ پاکستان کو ترقی یافتہ، خوشحال اور خودمختار ریاست بنانے کے لیے اقبال کے فلسفہ خودی، اتحاد اور عمل کو قومی پالیسی اور عملی کردار کا حصہ بنانا ہوگا۔یومِ اقبال کے موقع پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری اور فکر کے ذریعے مسلمانوں میں آزادی، خودداری، عشقِ رسول ﷺ اور احیائے اسلام کا جذبہ بیدار کیا۔

اقبال کی فکر محض شاعری نہیں بلکہ ایک مکمل نظریہ حیات اور امت مسلمہ کی فکری و روحانی رہنمائی کا سرچشمہ ہے ۔قومی قیادت کو چاہیے کہ وہ فکرِ اقبال کو اپنے کردار، فیصلوں اور طرزِ حکمرانی میں بھی شامل کرے ۔ قومی ہیروز اور نظریاتی اساس کو فراموش کرنے والی قومیں اپنی شناخت کھو دیتی ہیں، جبکہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے امت مسلمہ کو انتشار، مایوسی اور غلامانہ ذہنیت سے نکل کر اتحاد، خودی، علم اور عمل کا راستہ اختیار کرنے کا درس دیا۔ آج ضرورت ہے کہ نوجوان نسل کو افکارِ اقبال سے روشناس کرایا جائے اور ان میں قومی خودداری، کردار سازی، علم و تحقیق اور ملک و ملت کی خدمت کا جذبہ پیدا کیا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...