بجلی کے نرخوں میں اضافہ عوام سے ناانصافی ، فاروق ستار

بجلی کے نرخوں میں اضافہ عوام سے ناانصافی ، فاروق ستار

فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے نام پر اضافے سے عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا حکومت کب تک عوام کی جیبوں پر بوجھ ڈالتی رہے گی،رہنما متحدہ قومی موومنٹ

کراچی(این این آئی)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے بجلی کے نرخوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں مزید اضافہ عوام کے ساتھ ناانصافی ہے ، حکومت آخر کب تک عوام کی جیبوں پر بوجھ ڈالتی رہے گی۔اپنے بیان میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایک طرف پیٹرولیم مصنوعات پر بھاری ٹیکسز اور لیوی کے ذریعے عوام سے اربوں روپے وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بجلی کے بلوں میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے ۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق بجلی کے نرخوں میں 2.3673 روپے فی یونٹ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کا اضافہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت 346 روپے فی لیٹر ہے ، جس میں مجموعی ٹیکسز اور ڈیوٹیز تقریباً 114 روپے فی لیٹر ہیں، جبکہ ڈیزل کی قیمت 378 روپے فی لیٹر ہے اور اس میں تقریباً 100 روپے فی لیٹر ٹیکسز اور ڈیوٹیز شامل ہیں۔فاروق ستار نے سوال اٹھایا کہ جب ایندھن پر پہلے ہی بھاری ٹیکسز اور لیوی وصول کیے جا رہے ہیں تو پھر اسی ایندھن کی قیمتوں اور بجلی کی پیداواری لاگت میں اضافے کا بوجھ بجلی کے بلوں کے ذریعے بھی عوام پر کیوں منتقل کیا جا رہا ہے ؟انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بجلی و گیس کے بھاری بلوں نے پہلے ہی عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے ۔ ایسے حالات میں عوام پر مزید مالی بوجھ ڈالنا قبول نہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...