رینجرز کی کارروائی، کونٹی گروہ کے 7 ملزمان گرفتار
ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موٹرسائیکلیں اور 14 موبائل فون برآمد
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ رینجرز کی کارروائی، ’’کونٹی گروہ‘‘ کے 7 ملزمان گرفتار، اسلحہ، موٹرسائیکلیں اور 14 موبائل فون برآمد کرلیے گئے۔ ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر نیو کراچی اور سرجانی ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث کونٹی گروہ کے 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں حسنین عرف غفور، واصف، جبران، مدثر، کبیر بنگالی، عبدالماجد اور محمد اعجاز شامل ہیں۔
ملزمان کے قبضے سے 3 غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن، 2 موٹرسائیکلیں، 14 موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی۔ترجمان کے مطابق ملزمان سرجانی ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں اسلحے کے زور پر شہریوں سے موٹرسائیکلیں، لیپ ٹاپ، موبائل فون اور نقدی چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ گرفتار ملزمان حسنین اور کبیر بنگالی عادی جرائم پیشہ ہیں، جن کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔ ملزمان چھینی گئی موٹرسائیکلوں کے پرزے کھول کر فروخت کردیتے تھے ، جبکہ گرفتار ملزم محمد اعجاز 2024 سے نیو کراچی میں چھینے گئے موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبرز تبدیل کرکے ان کی خرید و فروخت کا کاروبار کررہا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments