حسن اسکوائرسے نیپا تک سڑک بند، ٹریفک منتقل
جیل چورنگی سے آنے والی گاڑیوں کے لیے ڈبل ٹریک مختص کردیا گیابرج پر یوٹرن بھی بند ،شہریوں سے متبادل راستے اختیار کرنے کی اپیل
کراچی(این این آئی)کراچی میں ترقیاتی کاموں کے باعث مین یونیورسٹی روڈ پر حسن اسکوائر برج سے نیپا جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی جبکہ ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کی آمدورفت برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستوں پر ٹریفک منتقل کردیا ہے ۔ٹریفک پولیس کے مطابق ہفتہ کو صبح 7 بجے سے سڑک کی بندش پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے ۔ جیل چورنگی سے مین یونیورسٹی روڈ کے راستے نیپا جانے والی ٹریفک کو نیپا سے حسن اسکوائر کی جانب آنے والی سڑک پر ڈبل ٹریک کے ذریعے گزارا جا رہا ہے ۔ یہ گاڑیاں مچھلی کٹ کے سامنے سے گزرتے ہوئے دوبارہ مین یونیورسٹی روڈ پر نیپا کی جانب روانہ ہوسکتی ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق حسن اسکوائر برج سے یوٹرن لے کر نیپا جانے والے شہریوں کے لیے برج پر یوٹرن بھی بند کردیا گیا ہے ، جبکہ اس جانب سے آنے والی ٹریفک کو سیدھا غریب آباد کی طرف موڑا جا رہا ہے ، جہاں سے شہری یوٹرن لے کر اپنی منزل کی جانب جاسکتے ہیں۔ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ دوران سفر متبادل راستے اختیار کریں اور ٹریفک اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جاسکے ۔حکام کے مطابق ٹریفک سے متعلق رہنمائی یا ہنگامی مدد کے لیے شہری ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کرسکتے ہیں، جبکہ ایف ایم ریڈیو 88.6 سے بھی رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments