حادثات و واقعات میں 2 جاں بحق، 8زخمی، خاتون کی لاش ملی
لاڑکانہ میں عامر تیز رفتار ٹریلر ، ہنگورجہ میں ذاکر حسین مسافر کوچ کی زد میں آئےگاؤں غلام اللہ شاہ میں حسینہ کی نہر سے لاش ملی، جسم پر تشدد،قتل کا شبہ ہے ، پولیس
لاڑکانہ، محراب پور (بیورورپورٹ، نمائندہ دنیا) اندرون سندھ مختلف شہروں میں حادثات و واقعات میں 2 افراد جاں بحق، 8زخمی ہوگئے ، خاتون کی لاش ملی۔ لاڑکانہ کے قریب اوٹھا چوک پر تیز رفتار ٹریلر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 35 سالہ عامر سیال موقع پر جاں بحق ہوگیا، جبکہ 18 سالہ بلاول جمالی شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس نے لاش اور زخمی کو لاڑکانہ ٹراما سینٹر منتقل کردیا۔محراب پور سے نمائندے کے مطابق مورو تھانے کی حدود میں نجی بینک کا منیجر تصور علی میمن موٹر سائیکل پھسل جانے سے زخمی ہوگیا، جسے نازک حالت میں نواب شاہ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ہنگورجہ تھانے کی حدود قومی شاہراہ پر مسافر کوچ کی زد میں آکر زخمی ہونے والا ذاکر حسین گمس اسپتال گمبٹ میں زندگی کی بازی ہار گیا۔ جبکہ ریاض جوگی زیر علاج ہے۔ گاؤں غلام اللہ شاہ میں نہر سے مسمات حسینہ زوجہ بابر بروہی نامی خاتون کی لاش ملی ۔ ورثا کے مطابق خاتون کو مرگی کے دورے پڑتے تھے ۔ پولیس کے مطابق خاتون کے جسم پر تشدد کے نشانات ہیں جس سے قتل کئے جانے کا شبہ ہے ۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل اور مزید تفتیش شروع کردی۔ گاؤں حاجی میر محمد لاشاری میں لاشاری برادری کے دو گروپوں میں واٹر کورس کی تکرارپر تصادم میں گولیاں چل گئیں، کلہاڑی اور ڈنڈوں کا آزادنہ استعمال ہوا۔ تصادم میں امام الدین لاشاری، عالم عرف اکرم لاشاری سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے ، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق فریقین میں واٹر کورس کا جھگڑاہے جس کا مقدمہ عدالت میں چل رہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments