وطن کی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیں :جماعت اسلامی
سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور اور سانحہ ڈھاکہ ملکی تاریخ کے سیاہ ترین دن
لاہور (سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور اور سانحہ ڈھاکہ ملکی تاریخ کے سیاہ ترین دن ہیں۔ دونوں سانحات کے پیچھے ایک ہی دشمن کارفرما تھا جس کا مقصد پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانا، قوم کو کمزور کرنا اور ملک میں بدامنی و انتشار پیدا کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن پوری قوم اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ہم وطنِ عزیز کی سلامتی پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دینگے ۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا تھا، معصوم بچوں، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف بدترین جرم تھا۔ اسی طرح سانحہ ڈھاکہ بھی ہماری قومی تاریخ کا ایک المناک باب ہے جس کے اثرات آج تک محسوس کیے جاتے ہیں۔