یونیورسٹی آف لیسٹر برطانیہ کے وفد کا دنیا نیوز ہیڈ آفس کا دورہ
جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ سٹوڈیو، نیوز روم دیکھے ، خبروں کی کوریج کو سراہا یو سی پی اور یونیورسٹی آف لیسٹر برطانیہ میں تعلیمی شراکت داری کا آغاز ہوگیا
لاہور(اپنے نامہ نگارسے )یونیورسٹی آف لیسٹر برطانیہ کے وفد نے ‘دنیا نیوز’ہیڈ آفس کا دورہ کیا مہمانوں نے بروقت کوریج کو سراہا۔پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف لیسٹر برطانیہ پروفیسر ڈاکٹر ڈینئل لیڈلی اور ڈین آف انٹرنیشنلائزیشن ڈاکٹر عبدالجبار کو دنیا میڈیا گروپ کی مینجمنٹ نے خوش آمدید کہا۔مہمان وفد نے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ‘دنیا نیوز’کے سٹوڈیو ، نیوز روم اور دیگر شعبہ جات دیکھے اور خبروں کی بروقت کوریج کو سراہا۔ ڈاکٹر عبدالجبار کا کہنا تھا کہ دنیا نیوز ہیڈ آفس کا دورہ کر کے بہت اچھا لگا، مختلف شعبہ جات میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال متاثر کن ہے ۔دوسری جانب طلبہ کے لیے بڑی خبر سامنے آئی ہے یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب اور یونیورسٹی آف لیسٹر برطانیہ کے درمیان تعلیمی شراکت داری کا آغاز ہوگیا، شراکت داری نے معیاری تعلیم کے خواہشمند طلبا کیلئے نئے مواقع پیدا کر دئیے اب طلبہ اپنی ڈگری کے ابتدائی دو سال یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب میں مکمل کریں گے جبکہ آخری دو سال یونیورسٹی آف لیسٹر برطانیہ میں تعلیم حاصل کریں گے ۔ طلبہ بیچلر آف سائنس کی ڈگریاں اکنامکس اینڈ ڈیٹا اینالیٹکس اور اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس میں حاصل کر سکیں گے ،ان کی حتمی ڈگری اور ایکریڈیٹیشن یونیورسٹی آف لیسٹر برطانیہ کی جانب سے دی جائے گی۔ڈاکٹر ڈینئل لیڈلی کا کہنا تھا کہ یہ ان کا پہلا دورہ پاکستان ہے ، لاہور میں لوگوں سے مل کر بہت اچھا لگا، دونوں ممالک میں تعلیم کے شعبے میں بہترین سہولیات میسر ہیں۔ ڈاکٹر ڈینئل لیڈلی اور ڈاکٹر عبدالجبار نے بتایا کہ یو سی پی سے شراکت داری نوجوانوں کو عالمی سطح پر مؤثر کردار ادا کرنے کیلئے تیار کرے گی۔