ایل ڈی اے کا نجی کمپنیوں سے ملکر تجارتی مراکز بنانے کا فیصلہ
8مقامات کاانتخاب کرلیاگیا ،7 سال بعدکوٹ لکھپت سبزی منڈی کو بھی جوائنٹ وینچر پلان میں شامل کرنے کی تیاری جوبلی ٹاؤن پارک کو کرکٹ سٹیڈیم میں تبدیل کرنیکا بھی فیصلہ،فنانس اینڈ ٹریڈ سینٹر جوہر ٹاؤن بھی جوائنٹ وینچر کیلئے مختص
لاہور (شیخ زین العابدین)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اپنی آمدن میں اضافے اورغیر آباد پلاٹس پر کمرشل سرگرمیوں کے آغاز کیلئے نجی کمپنیوں کیساتھ جوائنٹ وینچر ماڈل اپنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایل ڈی اے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پرائیویٹ سیکٹر کو اس سطح پر شامل کیا جا رہا ہے ،جس کی منظوری ایل ڈی اے گورننگ باڈی نے دے دی ہے ۔جوائنٹ وینچر کے تحت ایل ڈی اے اور نجی کمپنیاں مشترکہ طور پرعمارتیں تعمیر کریں گی اور ان میں کمرشل سرگرمیاں شروع کی جائیں گی۔اس مقصد کیلئے 8 مختلف سائٹس کا انتخاب مکمل کر لیا گیا ہے ۔ 7 سال بعدکوٹ لکھپت سبزی منڈی کو بھی جوائنٹ وینچر پلان میں شامل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے ۔گزشتہ برسوں میں اس اراضی کیلئے متعدد منصوبے تیار کیے گئے ،تاہم اب اسے قابل استعمال بنانے کیلئے نجی کمپنیوں سے اظہارِ دلچسپی طلب کیا جائیگا۔ ایل ڈی اے نے جوبلی ٹاؤن پارک کو کرکٹ سٹیڈیم میں تبدیل کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ،جس کیلئے پرائیویٹ کمپنیوں کوجوائنٹ وینچر کی بنیاد پر مدعو کیا جائے گا۔ا سی طرح فنانس اینڈ ٹریڈ سینٹر جوہر ٹاؤن کے ایک پلاٹ کو جوائنٹ وینچر کے لیے مختص کر دیا گیا ہے ،جہاں نجی فرم کے اشتراک سے ایل ڈی اے ٹاور تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔جوائنٹ وینچر ماڈل کے تحت ایل ڈی اے سٹی کا ایک پلاٹ بھی قابل استعمال بنایا جائے گا،جبکہ آپریشن کے دوران سبزہ زار میں واگزار ہونے والی اراضی کے ایک حصے کو بھی اس منصوبے میں شامل کیا جا رہا ہے ۔اس کے علاوہ ایل ڈی اے اور نجی کمپنی کے اشتراک سے گارڈن ٹاؤن سائٹ پر ہسپتال تعمیر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ،جس کا مقصد شہری سہولیات میں اضافہ اورادارے کی مالی پوزیشن کو مضبوط بنانا ہے ۔ایل ڈی اے حکام کے مطابق جوائنٹ وینچر منصوبے ادارے کی آمدن بڑھانے ،غیر فعال اراضی کو کارآمد بنانے اور شہری ترقی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے ۔