شہر کے سرکاری سکول بنیادی سہولتوں سے محرو م
سپیکر سردار ایاز صادق کے حلقے میں واقع کئی سکولوں کی ابتر صورت حال
لاہور(خبر نگار)حکومت کی جانب سے سکولوں میں سہولیات فراہم کرنے کے دعوے اپنی جگہ، مگر صوبائی دارالحکومت کے سرکاری سکول بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق کے حلقے میں واقع سکولوں کی ابتر حالت دنیا نیوز اور لاہور نیوز نے سامنے لے آیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں قائم سرکاری سکول سہولیات کی کمی کا شکار ہیں۔ سکولوں کی چار دیواری ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ، جس کے باعث نہ صرف طلبہ کی سکیورٹی خطرے میں ہے بلکہ سکولوں میں چوری کی وارداتیں بھی معمول بنتی جا رہی ہیں۔کئی سکولوں میں کھڑکیاں تو موجود ہیں، مگر شیشے غائب ہیں، جس سے سردی اور گرمی دونوں موسموں میں طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ گورنمنٹ پرائمری سکول کھرک کی چار دیواری دو مختلف مقامات سے منہدم ہو چکی ہے ، جس کے باعث سکول کا احاطہ غیر محفوظ ہو گیا ہے ۔ اساتذہ اور انتظامیہ کی بارہا نشاندہی کے باوجود تاحال مرمت کا کام شروع نہیں ہو سکا۔ہم اپنے بچوں کو تعلیم کے لیے سکول بھیجتے ہیں، مگر یہاں نہ سکیورٹی ہے اور نہ بنیادی سہولتیں۔