گلاب دیوی :وارڈز رات کو ڈاکٹرز کے بغیر ہونیکاانکشاف
8بجے کے بعد صورتحال تشویشناک ہو جاتی:ذرائع، کئی ڈاکٹرز ہوتے ہیں:ایم ایس
لاہور(سجاد کاظمی سے )گلاب دیوی ٹیچنگ ہسپتال میں رات گئے وارڈز ڈاکٹرز سے محروم ہونے کا انکشاف۔ تفصیل کے مطابق گلاب دیوی ٹیچنگ ہسپتال میں رات کے اوقات میں متعدد وارڈز میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کی عدم موجودگی کا انکشاف سامنے آیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق سانس و دمہ وارڈ سمیت سات مختلف وارڈز میں رات آٹھ بجے کے بعد صورتحال انتہائی تشویشناک ہو جاتی ہے ۔لاہور نیوز کی ٹیم نے رات گئے ہسپتال کے مختلف وارڈز کی فوٹیج حاصل کی، جس میں متعدد وارڈز خالی دکھائی دیتے ہیں جبکہ سٹاف رومز کو تالے لگے ہونے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ سات وارڈز کے لیے صرف ایک جونئیر ڈاکٹر رات کی ڈیوٹی پر موجود ہوتا ہے، ذرائع کے مطابق شیخ ظفر وارڈ میں کم از کم 300 مریض، حسن آرا وارڈ میں 20، علی بابا وارڈ میں 20 جبکہ گارڈی وارڈ میں 30 مریض زیر علاج ہیں۔ اسی طرح قمر ممتاز پلمونالوجی وارڈ میں 30 اور ڈاکٹر امیر الدین وارڈ میں تقریباً 200 مریضوں پر صرف ایک ہاؤس آفیسر تعینات ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔ پرائیویٹ رومز کی تعداد بھی تقریباً 20 بتائی جاتی ہے مگر وہاں بھی ایک ہی ڈاکٹر کی تعیناتی کا انکشاف ہوا ہے ۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حامد حسن کا مؤقف ہے کہ رات کے وقت ایک نہیں بلکہ متعدد ڈاکٹرز ڈیوٹی پر موجود ہوتے ہیں اور مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جا رہی۔