تاریخی تعلیمی اداروں کی اصل شناخت بحال کرنے کافیصلہ
جامعات کے ایکٹس میں ترامیم کیلئے جلد اسمبلی سے منظوری لی جائے گی
لاہور(خبر نگار )پنجاب حکومت نے تاریخی تعلیمی اداروں کی اصل شناخت بحال کرنے کے لیے اہم فیصلہ کر لیا۔ اس سلسلے میں مختلف جامعات کے ایکٹس میں ترامیم کی منظوری لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کی 6 جامعات کے نام دوبارہ ان کے سابقہ کالج ناموں پر بحال کیے جائیں گے ، جبکہ لاہور کے دو بڑے تعلیمی ادارے بھی اس فیصلے سے متاثر ہوں گے ۔حکام کا کہنا ہے کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور اور لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے ایکٹس میں باقاعدہ ترامیم کی جائیں گی۔ اسی طرح گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد برائے خواتین، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سیالکوٹ اور گورنمنٹ صادق کالج یونیورسٹی کے نام بھی ان کی تاریخی شناخت کے مطابق بحال کیے جائیں گے ۔حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد تعلیمی اداروں کی تاریخی حیثیت کو اجاگر کرنا اور ان کی اصل شناخت کو دوبارہ زندہ کرنا ہے ۔ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ مذکورہ جامعات کے ایکٹس میں ترامیم کے لیے جلد پنجاب اسمبلی سے منظوری لی جائے گی، جس کے بعد اس پالیسی پر باقاعدہ عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔