ایل ڈی اے ای بزپورٹل:ریلیف دینے کا منصوبہ ادھورا
30فیصد سروسز ہی آن لائن ‘ 70فیصد اہم سروسز پورٹل کا حصہ نہ بن سکیں
لاہور (شیخ زین العابدین)پنجاب حکومت کا ڈیجیٹل گورننس کا بڑا دعویٰ، ای بز پورٹل کے ذریعے عوامی درخواستوں کو آن لائن کرنے کا اعلان ،شہریوں کو ریلیف دینے کا منصوبہ ادھورا، روایتی دفتری نظام بدستور غالب ہے ۔ اعداد و شمار کے مطابق ایل ڈی اے کی محض تیس فیصد سروسز ہی آن لائن کی جا سکی ہیں، جبکہ ستر فیصد اہم سروسز ابھی تک پورٹل کا حصہ نہیں بن سکیں۔فی الوقت ٹاؤن پلاننگ سے متعلق محدود سہولیات ہی آن لائن دستیاب ہیں، جن میں ہاؤسنگ سکیموں کے نقشہ جات کی منظوری، نقشہ فیس کی ادائیگی اور کمپلیشن سرٹیفکیٹ کا اجرا شامل ہے ۔ تاہم کنٹرولڈ ایریا سے متعلق درخواستوں کی آن لائن جمع آوری کی سہولت موجود نہیں، جس کے باعث شہریوں کو دفاتر کے چکر لگانے پڑ رہے ہیں۔اسی طرح ایل ڈی اے حدود میں رجسٹری سے متعلق درخواستوں کو بھی آن لائن سسٹم میں شامل نہیں کیا جا سکا، جبکہ این او سی کے اجرا، ٹرانسفر لیٹر، بلڈنگ پیریڈ میں توسیع اور فائل شفٹنگ جیسے اہم معاملات بھی ای بز پورٹل سے غائب ہیں۔ انجینئرنگ سے متعلق شکایات درج کرانے یا نئے ترقیاتی منصوبوں میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کیلئے بھی کوئی مربوط آن لائن نظام موجود نہیں۔