سکولوں کی مالی خودمختاری کے مجوزہ منفرد منصوبے پر کام کاآغاز
صنعتی وکمرشل اداروں کے ساتھ بھی پارٹنرشپ تجاویز زیرغور لائی جاسکتی ہیں:مراسلہمجوزہ منصوبہ کے تحت کسی سکول کی زمین یا پراپرٹی کسی صورت بھی فروخت نہیں ہوگی
لاہور( این این آئی)محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب نے سکولوں کی مالی خودمختاری کے مجوزہ منفرد منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے باقاعدہ اقدامات شروع کردیئے ہیں۔ محکمہ سکولز ایجوکیشن کے ڈی پی آئی (سیکنڈری)پنجاب قیصر رشید کی جانب سے سکولز سربراہان کومراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ وزیراعلی پنجاب، وزیرتعلیم پنجاب اور سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے سکولوں کی مالی خودمختاری کے مجوزہ منفرد منصوبے انوویٹو فنانسنگ اینڈ پارٹنر شپ ماڈل کے تحت شفاف اور درست معلومات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ مراسلے کے مطابق تمام سکولز سربراہان پہلے مرحلے میں صرف معلومات و تجاویز جمع کروائیں ، عملدر آمد کا مرحلہ بعد میں آئے گا، مجوزہ منصوبے کے تحت کسی سکول کی زمین یا پراپرٹی کسی صورت بھی فروخت نہیں ہوگی،تجویز کردہ شراکت داری میں تمام منصوبوں پرتعمیراتی کام پارٹنر ہی کرے گا جبکہ سکول کوئی خرچ نہیں کرے گا۔