ضلع لاہور میں 100 روز میں ریونیوکے 350 بڑے فیصلے

ضلع لاہور میں 100 روز میں ریونیوکے 350 بڑے فیصلے

اے ڈی سی آر آفس کو صبح 9 سے رات 9 بجے تک کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا

لاہور(اپنے نامہ نگار سے ) ریونیو نظام میں بڑی پیش رفت، ضلع لاہور میں 100روز میں 350 بڑے فیصلے ، طویل عرصے سے التوا کا شکار کیسز نمٹانے کی رفتار تیزی آگئی۔ رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کردی گئی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور علی اعجاز اور اے ڈی سی آر عبدالکریم کی سربراہی میں ضلع لاہور میں ریونیو عدالتوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری سامنے آئی ہے جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ عبدالکریم کی عدالت نے 100 روز میں 350 مقدمات کے فیصلے کر کے ایک نئی رفتار قائم کی ہے ۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب شہریوں کی جانب سے طویل عرصے سے ریونیو کیسز میں تاخیر کی شکایات مسلسل سامنے آ رہی تھیں اور یہ مسئلہ نہ صرف لاہور بلکہ پنجاب بھر میں لینڈ ایڈمنسٹریشن سسٹمز کے بڑے چیلنجز میں شمار ہوتا ہے ۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 22 جنوری سے اپریل کے اختتام تک 710 مقدمات کی سماعت کی گئی، جن میں سے 350 کیسز کو نمٹا دیا گیا۔ صرف اپریل کے مہینے میں 210 فیصلے ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ انتظامی سطح پر نہ صرف رفتار بڑھی بلکہ کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کے لیے عملی اقدامات بھی کیے گئے ۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس بہتری کے پیچھے ایک واضح حکمت عملی کارفرما تھی۔اے ڈی سی آر آفس کو صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں