توانائی کے بڑھتے اخراجات صنعتی استحکام کیلئے خطرہ : لاہور چیمبر
صنعتوں کے لیے مسابقت برقرار رکھنا مشکل ہو رہا : صدر فہیم الرحمٰن سہگل
لاہور،(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے معیشت میں بڑھتے ہوئے لاگت کے دباؤ، خصوصاً توانائی کے اخراجات میں اضافے کے باعث مہنگائی، صنعتی سرگرمیوں اور کاروباری اعتماد پر پڑنے والے منفی اثرات پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ایک بیان میں صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمٰن سہگل نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کا رجحان کاروباری طبقے، خصوصاً صنعتکاروں اور برآمد کنندگان پر بھاری بوجھ ڈال رہا ہے ، جو پہلے ہی محدود لاگت کے دباؤ میں کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیداواری لاگت میں اضافہ، بالخصوص توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں، براہ راست مہنگائی میں اضافہ کر رہا ہے جس سے صنعتوں کے لیے مسابقت برقرار رکھنا مشکل ہو رہا ہے ۔ مہنگائی ایک بار پھر مشکل سطح پر پہنچ گئی ہے اور دو ہندسوں کی شرح سے بڑھتی مہنگائی کاروباری طبقے اور صارفین دونوں کے لیے غیر یقینی صورتحال پیدا کر رہی ہے ۔ صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ توانائی کے بڑھتے اخراجات موجودہ حالات میں مہنگائی کا ایک بڑا سبب ہیں۔