ایف بی آر کا افسروں کی ترقی کے عمل کو تیز کرنے کا فیصلہ
گریڈ 16 کے سپرنٹنڈنٹ پریوینٹو افسران کو گریڈ 17 میں اپ گریڈ کیا جائیگا
لاہور( این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے افسران کی پیشہ ورانہ ترقی کے عمل کو تیز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کسٹمز افسران کو ہائر ٹائم سکیل دینے کیلئے اقدامات شروع کر دئیے ۔ذرائع کے مطابق گریڈ 16 کے سپرنٹنڈنٹ کسٹمز، پرنسپل اپریزر اور سپرنٹنڈنٹ پریوینٹو افسران کو گریڈ 17 میں اپ گریڈ کیا جائے گا۔ یہ اقدام فنانس ڈویژن کی پالیسی کے تحت کیا جا رہا ہے ۔ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ متعلقہ افسران کی ترقی کا حتمی فیصلہ ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا، اس سلسلے میں اہل افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پرفارمنس ایویلیوایشن رپورٹس اور اثاثہ جات کی تفصیلات جمع کرائیں۔علاوہ ازیں فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت دی گئی ہے کہ افسران کے خلاف کسی بھی انکوائری یا مقدمے کے نہ ہونے کا سرٹیفکیٹ فراہم کیا جائے ، جبکہ ایف آئی اے اور نیب کیسز سے متعلق کلیئرنس بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔