محکمہ لائیوسٹاک ٹیمیں مویشی منڈیوں ودیگرمقامات پر متحرک
لاہور(اے پی پی)محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب کی ٹیمیں عید الاضحی کے موقع پر صوبہ بھر میں مویشی پال حضرات اور شہریوں کو بہترین ویٹرنری سہولیات کی فراہمی کیلئے متحرک ہیں۔ ۔۔۔
سیکرٹری لائیو سٹاک احمد عزیز تارڑ کی ہدایات پر مویشی منڈیوں، قربانی جانور سیل پوائنٹس اور بین الصوبائی چیک پوسٹس پر خصوصی انتظامات کے تحت 24گھنٹے خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔محکمہ کی فیلڈ رپورٹ کے مطابق صوبہ بھر میں 56مویشی منڈیاں، 194قربانی جانور سیل پوائنٹس اور 20 بین الصوبائی چیک پوسٹس فعال ہیں۔ ان سرگرمیوں کیلئے مجموعی طور پر 1,984افسر و عملہ جبکہ 172موبائل ویٹرنری ڈسپنسریاں تعینات کی گئی ہیں۔ ابتک 4لاکھ 95ہزار 847جانوروں پر اینٹی ٹِک سپرے کیا جا چکا ہے۔ جبکہ 27ہزار 16جانورو ں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اسی طرح بین الصوبائی چیک پوسٹس پر 1,658گاڑیوں پر سپرے کیا گیا تاکہ جانوروں میں متعدی بیماریوں کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے ۔ مویشی منڈیوں میں 2لاکھ 95ہزار 679جبکہ قربانی جانور سیل پوائنٹس پر 1لاکھ 89ہزار 408جانوروں پر سپرے کیا گیا۔ اسی طرح مویشی منڈیوں میں 6ہزار 976اور سیل پوائنٹس پر 19 ہزار 961 جانوروں کا علاج کیا گیا۔ مویشی منڈیوں میں جانوروں کے طبی معائنے ، علاج، ویکسی نیشن، آگاہی مہمات اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شہری صحتمند قربانی کے جانور خرید سکیں۔شہریوں کی سہولت کیلئے محکمہ کی 24/7 ٹول فری ہیلپ لائن 080009211فعال ہے ۔ صوبہ بھر کے ویٹرنری ہسپتال اور کنٹرول رومز بھی 24 گھنٹے خدمات انجام دے رہے ہیں۔