بلدیاتی الیکشن:امیدواروں کے انتخاب کیلئے پی پی کابورڈ قائم

 بلدیاتی الیکشن:امیدواروں کے انتخاب کیلئے پی پی کابورڈ قائم

بورڈ 6ہزار امیدواروں بارے سفارشات وصول، 21جون کو پہلی کھیپ کا اعلان کریگا

لاہور (سپیشل رپورٹر)پیپلزپارٹی لاہور کی طرف سے آئندہ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں امیدواروں کے انتخاب، تنظیمی مشاورت اور ٹکٹوں کے اجرا کیلئے 5رکنی مرکزی بلدیاتی ٹکٹ بورڈ قائم کر دیا گیا جس میں فیصل میر، ڈاکٹر عائشہ شوکت، مجید غوری، شاہد عباس، عامر نصیر بٹ شامل ہیں ۔پہلے مرحلے میں بلدیاتی ٹکٹ بورڈ لاہور کے 10 ٹاؤنز میں تنظیمی و ٹکٹ کونسلز تشکیل دے گا جن میں متعلقہ ٹاؤنز کے زونز، یونین کونسلز اور مختلف ونگز کے نمائندگان شامل ہونگے ۔ہر ٹاؤن کا صدر متعلقہ تنظیمی و ٹکٹ کونسل کا چیئرمین ہوگا جبکہ متعلقہ جزل سیکرٹری چیف کوآرڈینیٹر ہو گا۔ دوسرے مرحلے میں بلدیاتی ٹکٹ بورڈ مذکورہ 10 ٹاؤنز کی تنظیمی و ٹکٹ کونسلز سے پیپلزپارٹی کے چھ ہزار بلدیاتی امیدواروں بارے سفارشات وصول کرے گا۔ پیپلزپارٹی لاہور کی قیادت 2 سے 7 جون تک لاہور کی30زونز کا دورہ کرے گی، جس دوران تقریباً 450 زونل عہدیداران کے نوٹیفکیشنز جاری کئے جائینگے جبکہ 10 ٹاؤنز کی تنظیمی و ٹکٹ کونسلز کا اعلان بھی اسی مرحلے میں کیا جائے گا۔بلدیاتی ٹکٹ بورڈ 10 جون سے پیپلزپارٹی کی ٹکٹ پر بلدیاتی الیکشن لڑنے کے خواہشمند سیاسی رہنماؤں، کارکنان اور امیدواران سے درخواستیں وصول کرنا شروع کرے گااورشہید بینظیر بھٹو کی سالگرہ پر 21 جون کو لاہور سے بلدیاتی امیدواروں کی پہلی کھیپ کا اعلان کرے گا۔ اسکے بعد ہر اتوار کو بلدیاتی الیکشن شیڈول کے اعلان تک مرحلہ وار امیدواروں کے نام جاری کئے جائینگے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں