عیدپر غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کرلئے :عثمان ٹیپو
شہریوں کے جان و مال اور مذہبی آزادی کا تحفظ اولین ترجیح ہے :ڈی پی او ساہیوال
چیچہ وطنی(نمائندہ دنیا) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے کہا کہ عیدالاضحی پر امن و امان کیلئے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کرلئے ، شہریوں کے جان و مال اور مذہبی آزادی کا تحفظ اولین ترجیح ہے ۔ عیدالاضحی کے موقع پر ساہیوال پولیس نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے ۔ نمازِ عید کے اجتماعات، قربانی کے مراکز، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
تمام افسروں و اہلکاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی ڈیوٹی کے دوران مکمل الرٹ رہیں اور دیانتداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قربانی کی کھالیں زبردستی لینے ، فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی یا کسی بھی قسم کی شرپسندی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔