دو شہری مختلف مقامات پر پرسرار طور پر مردہ پائے گئے
برکت پارک سے گلزارکی لاش برآمد،پراپرٹی تنازعہ پرزہرکھلانے کا الزامخالق نگر میں شوگر ، ہیپاٹائٹس کامریض رفیق مسیح بہنوئی کے گھر علاج کیلئے آیاہواتھا
لاہور(کرائم رپورٹر)دو شہری مختلف مقامات پر پرسرار طور پر مردہ پائے گئے ۔ غازی آباد کے علاقے برکت پارک تاجپورہ میں 55سالہ گلزار گھر میں پرسرار طور پر مردہ پایا گیا ،پولیس نے لاش پورسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔متوفی کے سالے سخی نے لاش دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی اور بتایا کہ گلزار کا اپنے بھائیوں آصف اور سہیل کے ساتھ پراپرٹی کا تنازعہ تھا۔اس نے الزام عائد کیا کہ گلزار کے بھائیوں نے مبینہ طور پر کوئی زہریلی چیز کھلا کر قتل کیا ہے۔ نشتر کالونی کے علاقے خالق نگر میں50سالہ رفیق مسیح اپنے بہنوئی کے گھر علاج معالجہ کے لیے آیا تھا جہاں وہ پرسرار طور پر مردہ حالت میں پایا گیا متوفی کی بہنوں شمیم اور نسرین نے پولیس کو بتایا کہ ان کا بھائی شوگر اور ہیپاٹائٹس کا مریض تھاجو بیماری کی وجہ سے فوت ہو ا تاہم پولیس نے لاش مردہ خانے منتقل کر دی،پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد لاش ورثا کے حوالے کی جائیگی۔