تصدیق شدہ بیج غذائی تحفظ کیلئے ناگزیر :وی سی زرعی یونیورسٹی
ایویول گروپ کے صدر آصف مجید کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو
فیصل آباد (نیوز رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ کاشتکار برادری کو معیاری، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات برداشت کرنے والے اور تصدیق شدہ بیجوں کی فراہمی نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ کرے گی بلکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے زراعت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔انہوں نے یہ بات ایویول گروپ کے صدر آصف مجید کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد میں علی فرزند بھی شامل تھے ، جبکہ اجلاس میں مختلف فیکلٹیوں کے ڈینز اور ڈائریکٹرز نے بھی شرکت کی۔ملاقات کے دوران بیجوں کے شعبے سے متعلق امور اور باہمی تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے پاکستان کی سیڈ انڈسٹری کو درپیش چیلنجز، معیاری بیجوں کی پیداوار، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور جامعات و صنعت کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ تصدیق شدہ بیج فصلوں کی پیداوار بڑھانے ، غذائی تحفظ یقینی بنانے اور کسانوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ابھرتے ہوئے زرعی چیلنجز سے نمٹنے اور بہتر اقسام کے بیجوں کو تیزی سے عام کرنے کے لیے جامعات اور نجی شعبے کے درمیان قریبی تعاون ناگزیر ہے ۔ایویول گروپ کے صدر آصف مجید نے زرعی تحقیق اور تعلیم کے فروغ میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی خدمات کو سراہتے ہوئے تصدیق شدہ بیجوں کی پیداوار، کسانوں میں آگاہی پیدا کرنے اور جدید ٹیکنالوجیز کی تجارتی بنیادوں پر ترویج کے لیے یونیورسٹی کے ساتھ قریبی تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔