واسا کا محرم الحرام کے دوران خصوصی انتظامات کا فیصلہ
روٹس کلیئرنس سرٹیفکیٹس جمع کرانے ،مشینری کو فعال رکھنے کی ہدایت آٹھوں بازاروں میں سبیلیں لگا کر پانی فراہمی کو یقینی بنایا جائے :ایم ڈی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے محرم الحرام کے روٹس کلیئرنس سرٹیفکیٹس جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عشرہ محرم کے دوران عزاداروں کو پینے کے پانی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کو جانے والے روڈز سیوریج سے مکمل طور پر کلیئر ہونے چاہئیں جبکہ واٹر سپلائی لائن میں کسی قسم کی لیکج سامنے نہیں آنی چاہیے ۔ تمام روٹس کے روزانہ کی بنیاد پر وزٹ کیے جائیں اور مشینری کو ہر وقت آپریشنل حالت میں رکھا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مرکزی امام بارگاہ پر واٹر باؤزر تعینات کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ عزاداروں کو پینے کا پانی فراہم کیا جا سکے ۔ آٹھوں بازاروں میں جہاں سبیلیں لگائی گئی ہیں وہاں بھی پانی کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ عشرہ محرم کے دوران مرکزی امام بارگاہ اور آٹھوں بازاروں پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے تاکہ سیوریج اور واٹر سپلائی سروسز میں کسی قسم کی کمی نہ آنے پائے ۔