پیٹ دردکی شکایت پر ہسپتال آنیوالا نوجوان دم توڑگیا، موت غلط انجکشن لگانے سے ہوئی:لواحقین کا الزام
مریدکے (نمائندہ دنیا)مریدکے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں مبینہ طبی غفلت کا واقعہ،محلہ رحمانیہ کالونی کا رہائشی 19 سالہ نوجوان چاند ولد اعظم معمولی پیٹ درد کی شکایت پر خود چل کر ہسپتال پہنچا، تاہم چند ہی لمحوں میں حالت تشویشناک ہو ئی اوردم توڑ گیا ۔
لواحقین کے مطابق نوجوان نے پرچی خود بنوائی ،ابتدائی معائنے کے بعد اسے مبینہ طور پر ایک انجکشن لگایا گیا جس کے فوراً بعد اس کی طبیعت بگڑ ی ،لواحقین نے الزام لگایا کہ ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت اور غلط انجکشن لگانے کے باعث نوجوان چاند کی جان گئی۔ ہسپتال انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ نوجوان کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی، تاہم لواحقین نے اس وضاحت کو مسترد کردیا۔لواحقین نے وزیراعلیٰ ،سیکرٹری صحت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی اعلیٰ سطح پر غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔