شہریوں کا لاہور کینال، سوئمنگ پولز اور ٹیوب ویلوں کا رخ
شہر کے مختلف نجی سوئمنگ پولز پربھی صبح سے شام تک شہریوں کا رش رہا
لاہور( این این آئی)شدید گرمی اور حبس کے شہریوں نے لاہور کینال، نجی سوئمنگ پولز اور شہر سے ملحقہ دیہی علاقوں کے ٹیوب ویلوں کا رخ کر لیا جہاں غیرمعمولی رش دیکھنے میں آیا، فیملیوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی ان مقامات کا رخ کیا جہاں دوپہر کا کھانا اکٹھے کھایا گیا ۔تفصیلات کے مطابق گرمی کی شدت کم کرنے کے لئے لاہوریوں کی بڑی تعداد نے لاہور کینال کا رخ کیا جبکہ نہر کے کنارے فیملیوں نے بھی چھٹی کا دن تفریح میں گزارا۔ فیملیاں کھانا اور فروٹس بھی ہمراہ لائے ۔دوسری جانب شہر کے مختلف نجی سوئمنگ پولز پربھی صبح سے شام تک شہریوں کا رش رہا۔ مختلف سوئمنگ پولز میں فی کس داخلہ فیس 800سے 2500روپے تک وصول کی گئی جبکہ بعض نجی کلبوں اور ریزورٹس میں اس سے زیادہ فیس بھی لی جا رہی ہے ۔لاہور سے ملحقہ موزہ جات اور دیہی علاقوں کے ٹیوب ویل بھی نوجوانوں کی پسندیدہ تفریح گاہ بن گئے ۔ شہریوں نے کہا کہ موجودہ شدید گرمی میں لاہور کینال، نجی سوئمنگ پولز اور ٹیوب ویل ہی ان کے لیے راحت کا ذریعہ بنے ہوئے ہیں۔