مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات میں5افراد جاں بحق

 مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات میں5افراد جاں بحق

کمسن بچہ احمد،عمر آفتاب ،جمیل ،(س )بی بی اور 19سالہ احمد زندگی ہار گئے

قصور،مصطفی آباد،شیخوپورہ(خبرنگار، نامہ نگار ،ڈسٹرکٹ رپورٹر)مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات میں 5افرادجاں بحق ہوگئے ۔ چھانگا مانگا کے قریب عدنان ارشد اپنی بیوی اقرا اور 3 سالہ بیٹے احمد کے ہمراہ موٹر سائیکل پر پتوکی جا رہا تھا کہ  ویگن نے ٹکرماردی جس سے موٹر سائیکل ٹرک سے ٹکرا گئی۔ موٹر سائیکل گرنے سے 3سالہ بچہ موقع پر دم توڑ گیا جبکہ عدنان شدید زخمی ہو گیا۔ گرین ٹاؤن باگڑیاں کارہائشی عمر آفتاب مصطفی آباد کے علاقے میں بوائز ہائی سکول کے قریب موٹر سائیکل پر کٹ سے ٹرن لیتے ہوئے قصور سے آنے والی تیز رفتار دودھ والی گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا ،جسے ریسکیو عملہ نے فوری بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکرزندگی ہار گیا۔

محلہ پوونڈیاں کا رہائشی دونوں ٹانگوں سے معذور جمیل بیساکھیوں کے سہارے سرہالی روڈ پر کھڑا تھا کہ رکشے کو اوور ٹیک کرتے تیز رفتار جیپ اس پر چڑھ دوڑی ،جسے سر میں گہری چوٹیں لگنے پرفوری جنرل ہسپتال لاہور منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا ۔ محلہ ملکاں والہ کی رہائشی (س )بی بی پرانے پرچی سٹینڈ کے قریب سڑک عبور کرتے لاہور سے آنے ولی تیز رفتار کار کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئی جسے نازک حالت میں جنرل ہسپتال لاہور لے جا گیا مگروہ دم توڑ گئی ۔ فیروزوالا کے علاقہ جھگیاں سیالاں کے قریب مزدا ٹرک نے موٹرسائیکل سوار19سالہ احمد ولد بلال کوٹکر ماردی جس سے وہ موقع پر ہی چل بسا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں