شہر کے مختلف علاقوں میں 3سو غیر قانونی کمرشل آپریشنز بند

شہر کے مختلف علاقوں میں 3سو غیر قانونی کمرشل آپریشنز بند

رہائشی علاقوں میں غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کردی گئیں

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )صوبائی دارالحکومت لاہور میں رہائشی علاقوں میں غیر قانونی کمرشل استعمال کے خلاف لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے ۔ ایک مالی سال کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں تین سو غیر قانونی کمرشل آپریشنز بند کر دیے گئے ، جبکہ متعدد دیگر کاروباری مراکز کو بھاری کمرشلائزیشن پینلٹی چالان بھی جاری کیے گئے ۔ذرائع کے مطابق متاثر ہونے والوں میں گروسری سٹورز، بیوٹی سیلونز، دفاتر، ورکشاپس اور دیگر تجارتی سرگرمیوں سے وابستہ کاروبار نمایاں ہیں۔ بھاری پینلٹی کے باعث متاثرہ مالکان کی بڑی تعداد مقررہ رقوم جمع نہ کرا سکی، جس کے نتیجے میں متعدد کاروبار بند کرنا پڑے۔

ایل ڈی اے کی جانب سے غیر قانونی کمرشل استعمال پر ڈی سی ریٹ کے ایک اعشاریہ دو پانچ سے ایک اعشاریہ سات پانچ فیصد سالانہ کے حساب سے کمرشلائزیشن پینلٹی چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی اور شہری منصوبہ بندی کے قوانین پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے ۔ذرائع کے مطابق رہائشی علاقوں میں غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں اور ٹاؤن پلاننگ ونگ مختلف علاقوں میں مسلسل نگرانی اور انسپکشن کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں